: غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ، حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی میں تاخیر کا الزام لگا دیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں کم از کم 95 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں وہ درجنوں بے بس افراد بھی شامل ہیں جو خوراک کے حصول کے لیے امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ امدادی مراکز پر گئے تھے۔
دن کے سب سے ہلاکت خیز حملے میں، اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک انٹرنیٹ کیفے کو نشانہ بنایا جہاں بچوں کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد شہید ہو گئے۔
ایک سینئر حماس رہنما نے الجزیرہ کو بتایا: "ہم جنگ بندی کے لیے پرعزم ہیں تاکہ اپنے عوام کو بچایا جا سکے"، اور اسرائیل پر "مذاکرات کو سبوتاژ کرنے" کا الزام لگایا۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، اسرائیل کی غزہ پر مسلط کردہ جنگ میں اب تک کم از کم 56,531 افراد شہید اور 133,642 زخمی ہو چکے ہیں۔
جبکہ 7 اکتوبر کے حملوں میں اسرائیل میں اندازاً 1,139 افراد مارے گئے اور 200 سے زائد کو یرغمال بنایا گیا۔
این جی اوز کا مطالبہ: غزہ میں امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ امدادی نظام کی جگہ اقوامِ متحدہ لے
100 سے زائد غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) نے غزہ میں "ہلاکت خیز اسرائیلی امدادی تقسیم کے نظام" کو ختم کر کے اقوامِ متحدہ کی زیر قیادت امدادی رابطہ کاری کی بحالی کا فوری مطالبہ کیا ہے۔
ان تنظیموں نے ایک بیان میں کہا:
"امدادی تقسیم کے مراکز کی تعداد 400 سے کم ہو کر صرف چار فوجی کنٹرول والے مقامات تک محدود ہو گئی ہے۔"
امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ Gaza Humanitarian Foundation (GHF) نے "دو ملین افراد کو انتہائی بھیڑ بھاڑ والے عسکری علاقوں میں دھکیل دیا ہے جہاں وہ روزانہ گولیوں اور اجتماعی ہلاکتوں کے خطرے میں محض خوراک حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،" بیان میں مزید کہا گیا۔
این جی اوز نے الزام لگایا کہ GHF کا نظام "مایوسی، خطرے اور موت کا ایک نہ ختم ہونے والا چکر برقرار رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔"
"تجربہ کار انسانی ہمدردی کے کارکن بڑی سطح پر زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ لیکن اسرائیلی حکام کی جانب سے تجارتی اشیاء اور امداد پر تقریباً مکمل پابندی عائد کیے 100 سے زائد دن گزر چکے ہیں، اور غزہ کی انسانی صورتحال پچھلے 20 مہینوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے۔"
27 مئی سے اب تک، GHF کے تحت کام کرنے والے امدادی مراکز پر خوراک کے انتظار میں تقریباً 600 فلسطینی شہید اور 4,200 زخمی ہو چکے ہیں۔

0 Comments