اڈیالہ جیل میں عمران خان سے 2 بہنوں کی ملاقات، علیمہ خان کو اجازت نہ مل سکی

بانی پی ٹی آئی نے 26 ویں ترمیم کی بات کی، اس ترمیم کے نتائج واضح ہورہے ہیں، علیمہ خان

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ان کی 2 بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان نے ملاقات کی جبکہ علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج فیملی اور وکلا کی ملاقات کا روز ہے، جہاں عمران خان سے 2 بہنوں نے ملاقات کی، جن میں ڈاکٹر عظمی خان اور نورین نیازی شامل تھیں جبکہ علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

ڈاکٹر عظمی خان اور نورین نیازی کی ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی جبکہ ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئیں۔

اس سے قبل راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچھڑ بھی پہنچے تھے جبکہ پولیس نے وکلا اور فیملی کو گورکھپور ناکے پر روکے رکھا تھا۔

علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو

بعدازاں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آج میری بہنوں کو 15 منٹ ملاقات کا وقت ملا، ایک وکیل ظہیرعباس کو ڈیڑھ منٹ ملاقات کی اجازت ملی، سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔

علیمہ خان نے بتایا کہ یہی کوششیں ہیں جس سے عمران خان کو مائنس کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے 26 ویں ترمیم کی بات کی ہے، اس ترمیم کے نتائج واضح ہورہے ہیں، آپ لوگوں کا ووٹ چوری کرلیں، ووٹ کی اہمیت نہیں تو اس کا مطلب مارشل لے آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کو گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ بنادیں، ججز کے ساتھ ایسا کریں تو رول اف لاء ختم ہوچکی ہے، بانی نے کہا کہ اس کے ساتھ اخلاقیات ختم ہوچکی ہیں، بانی نے کہا کہ میڈیا کی آواز بند کردی ہے،

عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم لائی جارہی ہے، بانی نے کہا اس سے بہتر ہے بادشاہت کا اعلان کردیں، بانی نے کہا کہ لوگوں کی آواز ختم کردی ہے، ہندوستان سے آزادی کے بعد پاکستان کلمہ کے نام پر بنا تھا، یہ کلمہ تھا جس کی وجہ سے آج پاکستان قائم ہے، بانی نے کہا کہ مکمل طور پر قوم کو غلام بنایا جارہا ہے، اس غلامی سے بہتر ہے میں ساری زندگی جیل میں رہوں، غلامی کے نظام کے بعد تحریک شروع کردیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں مزاحمت کی تعریف کی، اپوزیشن لیڈر کی تعریف کی، اس وقت 26 اراکین ہیں جن پر پابندیاں لگادی ہیں، اس سے بہتر ہے کہ ہمارے ممبران اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگا دیں، 15 منٹ کی ملاقات تھی صرف اتنی بات ہوچکی ہے، بانی نے پارٹی کو کہا ہے محرم کے بعد تحریک کی تیاری کریں، بانی نے پارٹی کے لیے ہدایات دے دی ہیں، جو سلمان اکرم راجہ کو بتادی ہیں، 10 محرم کے بعد پارٹی احتجاج کا لائحہ عمل دے گی۔