ٹیکساس میں قیامت خیز بارشیں، 24 افراد ہلاک، بجلی اور مواصلاتی نظام تباہ

         July 5 2025




امریکی ریاست ٹیکساس گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی زد میں ہے، جس نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

حکام کے مطابق صرف چند گھنٹوں میں مہینوں کی مقدار میں پانی برسنے سے متعدد علاقے ڈوب گئے اور گلیاں، بازار، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

حکام کے مطابق اب تک 24 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں مسلسل تلاش اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جن میں 100 سے زائد نیشنل گارڈز اور فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ سان اینجلو شہر میں 10 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور ٹریفک کا نظام مکمل طور پر جام ہو کر رہ گیا، شہری گھروں میں محصور ہو گئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

ایمرجنسی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ مزید بارشوں کے امکانات موجود ہیں، جس سے سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

ریاستی گورنر کے دفتر کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ہنگامی امداد کا اعلان بھی متوقع ہے۔ دوسری جانب، امریکی محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔