اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کا راج، دو گولڈ، دو سلور اور ایک برانز میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی

کوریا میں جاری ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت سمیت دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ قومی ٹیم نے مجموعی طور پر دو طلائی، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر ایشیائی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی۔
بوائز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کے آیان دھنوکا کو شکست دی۔ سہیل نے تین ایک سے میچ جیتا۔
انڈر 15 کیٹگری میں نعمان خان نے اپنی ہم وطن ساتھی احمد رایان خلیل کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں نعمان نے 12-10، 11-6، اور 11-2 سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں نوجوانوں کی یہ کارکردگی پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید بن گئی۔
گرلز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کی ماہنور علی نے بہترین کھیل پیش کیا، مگر سخت مقابلے کے بعد چین کی ین ژیُووان سے پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست کھا گئیں۔ اسکور رہا: 9-11، 11-6، 11-9، 9-11، اور 10-12۔
پاکستان نے مین ایونٹ میں دو گولڈ، دو سلور اور ایک برانز میڈل جیتے، جب کہ پلیٹ ڈویژن میں بھی دو ٹائٹلز اپنے نام کیے، یوں مجموعی طور پر سات تمغوں کے ساتھ قومی ٹیم نے ایشیا میں اپنی برتری ثابت کر دی۔
اس شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں، کوچز اور اسکواش فیڈریشن کو مبارک باد دی جا رہی ہے، جب کہ قوم ان نوجوان ہیروز کی صلاحیتوں پر نازاں ہے۔
0 Comments